وفات آیۃ اللہ محمدجواد انصاری ہمدای رحمۃ اللہ علیہ ۱۳۷۹ ؁ھ
آیۃ اللہ محمدجواد انصاری ہمدای رحمۃ اللہ علیہ چودہویں صدی کے معروف شیعہ عالم ، فقیہ اور عارف تھے۔ آپ بانی حوزہ علمیہ قم مقدس آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ عبدالکریم حائری یزدی رحمۃ اللہ علیہ کے شاگرد اور شہید محراب آیۃ اللہ دستغیب شیرازی رحمۃ اللہ علیہ کے استاد تھے۔
آپ صوفیت کے شدید مخالف تھے ، فرماتے تھے کہ ان کے اعمال اسلامی شریعت کے مخالف ہیں۔
آپ انتہائی مہربان اور مہمان نواز تھے اکثر آپ کے یہاں کوئی نہ کوئی مہمان ضرور ہوتا تھا ۔ نام و نمود سے دور رہتے تھے اور فرماتے تھے کہ جب سے تھوڑی شہرت ہوئی ہے تو میں مشکلات میں گرفتار ہو گیا ہوں۔

وفات آیۃ اللہ سید محمد فشارکی رحمۃ اللہ علیہ ۱۳۱۶ ؁ھ
آیۃ اللہ سید محمد فشارکی رحمۃ اللہ علیہ مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ میرزا محمد حسن شیرازی رحمۃ اللہ علیہ کے عظیم اور ہونہار شاگرد اور بانی حوزہ علمیہ قم مقدس آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ عبدالکریم حائری یزدی رحمۃ اللہ علیہ کے استاد تھے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ میرزا محمد حسن شیرازی رحمۃ اللہ علیہ کی وفات کے بعد آپ کو مرجعیت کی پیشکش کی گئی لیکن آپ نے یہ کہتے ہوئے انکار کر دیا کہ مرجعیت کے لئے صرف علم کافی نہیں ہے بلکہ دوسری چیزیں بھی درکار ہیں لہذا مجھے صرف تدریس کرنے دیں ۔ مسجد ہندی نجف اشرف میں جب آپ درس دیتے تو ۳۰۰ ؍ سے زیادہ طلاب آپ کے درس میں شریک ہوتے تھے۔

 شہادت آیۃ اللہ سید محمد صدر رحمۃ اللہ علیہ ۱۴۱۹ ؁ھ

عراق کے معروف دینی اور علمی خاندان صدر کے اہم دینی ، علمی اور سیاسی شخصیت آیۃ اللہ سید محمد صدر رحمۃ اللہ علیہ ۱۷ ؍ ربیع الاول ۱۳۶۲ ؁ھ کو پیدا ہوئے۔ آپ شہید آیۃ اللہ العظمیٰ باقر الصدرؒ، آیۃ اللہ العظمیٰ سید روح اللہ موسوی خمینیؒ ، آیۃ اللہ العظمیٰ سید ابوالقاسم موسوی ؒ اور آیۃ اللہ العظمیٰ سید محسن الحکیم ؒ کے شاگرد تھے۔
آپ نے نماز جمعہ کو قائم کیا، اہلبیتؑ خصوصا امام حسینؑ کی عزاداری اور زیارت کو فروغ دیا۔ آپ انتہائی منکسرالمزاج تھے کسی کو اجازت نہیں دیتے کہ وہ آپ کے ہاتھ چومے یا آپ کے استقبال میں صلوات پڑھے۔
آخرجمعہ ۳ ؍ ذی القعدہ ۱۴۱۹ ؁ھ کو صدام کے فوجیوں نے گولی مار کر آپ کو شہید کر دیا۔