5 ربیع الاوّل

 

1۔ شہادت شہید ثانی رحمۃ اللہ علیہ 965 ہجری

جناب زین الدین بن نور الدین علی بن احمد عاملی جُبَعی المعروف بہ شہید ثانی رحمۃ اللہ علیہ دسویں صدی ہجری کے نامور شیعہ علماء و فقہاء میں ہیں۔ آپ علامہ حلی رحمۃ اللہ علیہ کی نسل سے ہیں، آپ نے شیعہ و اہل سنت علماء سے کسب فیض کیا۔

شہید ثانی رحمۃ اللہ علیہ کو پانچوں اسلامی مذاہب (جعفری، حنفی، مالکی، شافعی اور حنبلی) کی فقہ پر عبور حاصل تھا، اسکی تدریس فرماتے اور ان سب کے مبانی کے اعتبار سے فتوی دیتے تھے۔

آپ کی مشہور کتاب الروضة البهیة فی شرح اللمعة الدمشقیة حوزات علمیہ کے نصاب تعلیم کی زینت ہے۔

شہید ثانی کی دوسری کتاب منیۃ المرید فی ادب المفید و المستفید رہتی دنیا تک آداب تعلیم و تعلم کے سلسلہ میں طلاب کی بہترین مددگار ہے۔

اسی طرح آپ نے مختلف دیگر موضوعات پر کتب تالیف فرمائی۔