15 Jomad-ul-oula Weladat-e-Imam Zain-ul-Aabedeen(a.s)

خانہ علیؑ میں علیؑ کی آمد

۱۵ ؍ جمادی الاول ۳۸ ؁ھ وہ مبارک تاریخ تھی جب حضرت امام زین العابدین علیہ السلام پیدا ہوئے۔ آپ کے والد سبط رسولؐ حضرت امام حسین علیہ السلام اور والدہ ماجدہ حضرت شہربانو سلام اللہ علیہا تھیں۔
دورہ مہد امیرالمومنین علیہ السلام کے زیرسایہ بسرہوا ۔ دورہ مشئی کا دس برس حضرت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کے زیر نظر گذرا اور اس کے بعد آپ نے اپنی زندگی کی دس بہاریں اپنے والد ماجد حضرت امام حسین علیہ السلام کےزیر سایہ دیکھیں۔
عصر عاشورا کے ہولناک اور پر آشوب ماحول اور عالم بیماری میں آپ کی امامت کا آغاز ہوا۔ اور آپ کے زمانے کے حالات ایسے نہ تھے کہ آپ منبر سے تبلیغ کر سکیں یا کھلم کھلا مجلس درس منعقد کر سکیں۔لہذا آپ نے دعا و مناجات کے ذریعہ منفرد انداز سے دین کی تبلیغ فرمائی۔
اگرچہ کوفہ وشام میں آپ نے خطبات دئیے اور آپ کے خطبوں سے دشمنوں کی گردنیں جھک گئیں اور انکی زبانیں گنگ ہوگئیں لیکن کربلا سے واپس مدینہ آکر آپ نے زبان سے زیادہ عملی تبلیغ کی۔ فقراء کی امداد اور غلاموں کی پرورش ، تربیت اور آزادی امام سجادؑ کے خصائص میں شامل تھا۔

ناشر پیغام کربلا، محافظ، مقصد سید الشہداء سید الساجدین حضرت علی بن الحسین زین العابدین علیہ الصلوٰۃ و والسلام کی ولادت باسعادت تمام محبان اہلبیتؑ کو مبارک ہو۔
ادارہ تنظیم المکاتب